شہباز شریف کی تاجک وزیر اعظم سے ملاقات، کراچی بندرگاہ پر تجارت کی دعوت

دوشبنے (ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعظم شہباز شریف نے تاجک وزیر اعظم قاہر رسول زادہ سے ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار اور کراچی بندرگار پر تجارت کی دعوت دی۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے تاجک ہم منصب کوآبی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارک دی۔ شہباز شریف نے دوران ملاقات آبی سفارت کاری کے شعبے میں تاجکستان کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں سٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل ہیں، تعلقات کی بلندی سے اقتصادی شعبوں میں تعاون کو فروع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ’ویژن سینٹرل ایشیا‘ پالیسی پر عمل پیرا ہے، تاجکستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط بڑھائے جائیں گے، دوران گفتگو وزیر اعظم نے پائیدار اور طویل مدتی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے علاقائی روابط کی کلیدی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے تاجکستان کے تاجروں کو کراچی بندرگاہ پر راہداری تجارت کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ریل اور روڈز سے علاقائی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے، پاکستان وسط ایشیائی ممالک کو تجارتی راہداری فراہم کرے گا۔ ملاقات کے دوران شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے عنقریب علاقائی کنیکٹیویٹی سمٹ کی میزبانی کرے گا۔