واقعہ کربلا اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھنے کی زندہ مثال ہے، رہنما پی ٹی آئی

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری کاشف نظامی نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں حق اور سچ کا ساتھ دینے اور ظالم کے سامنے ڈٹے رہنے کا پیغام دیتاہے ہر دور کے ظالم یہ جان لیں کہ یزید تھا اور حسین ہیں اور تاقیامت رہیں گے، رہتی دنیا تک جیت حسینیت اور ہار یزیدیت کو تلاش کرتی رہیگی، واقعہ کربلا اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھنے کی زندہ مثال ہے، ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، کاشف نظامی نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی و عوامی نمائندہ جماعت ہے جس کو مختلف مظالم اور غیر آئینی و غیرقانونی طریقوں سے دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کی گئی ، پی ٹی آئی کے رہنماوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے ہماری خواتین کو ڈرایا گیا دھمکایا گیا اور جھوٹے کیسز میں پھنسایا گیا لیکن وقت نے ثابت کیا کہ ظلم بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے ، انہوں نے کہا کہ مخصو ص نشستوں کے فیصلے کے ساتھ ساتھ بانی پی ٹی آئی کا عدت نکاح کیس بھی اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے وہ دن دورنہیں جب بانی پی ٹی آئی پر بنائے گئے تمام جھوٹے کیسز ایک ایک کر کہ ختم ہوتے چلے جائیں گے ، پی ٹی آئی اس وقت بھی قومی اسمبلی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے پاکستان کی عوام نے انتخابات میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کے نشانات کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر ووٹ ڈالا ، انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماوں پر بنائے گئے جھوٹے کیسز ختم ہوتے ہی ن لیگ اور پیپلز پارٹی والوں کا بیمار ہونے کا سیزن شروع ہوجائےگا پھر کوئی پلیٹ لٹس بڑھوانے کے لیئے لندن بھاگے گا اور کوئی کمر درد و دیگر بیماریوں کے علاج کے لیئے راتوں رات دبئی چلاجائے گا یہ وہ لوگ ہیں جو عوام اور ملکی ترقی کے دشمن ہیں ، انہوں نے کہا کہ صاف وشفاف انتخابات ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد حل ہیں ۔