میڈیکل کالجز میں داخلہ کیلئے ایم ڈی کیٹ امتحان 22 ستمبر کو ہوگا

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ( پی ایم ڈی سی) نےایم ڈی کیٹ امتحان 22 ستمبر کو منعقد کرنے کا اعلان کر دیا۔ ایم ڈی کیٹ پاکستان اور بیرون ملک ٹیسٹ سنٹرز میں ایک ہی تاریخ کو منعقد کیا جائے گا۔ ایم ڈی کیٹ کا نصاب آئندہ ہفتے پی ایم ڈی سی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا جائے گا۔ کونسل نے تمام صوبائی سیکرٹریز کوایم ڈی کیٹ امتحان کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ایم ڈی کیٹ امتحان سے متعلق تمام معلومات ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ پی ایم ڈی سی کے صدر ڈاکٹر رضوان تاج نے بتایا کہ طلباء کی سہولت کیلئے کونسل نے نصاب کو تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سال ایم ڈی کیٹ امتحان میں تقریباً 2 لاکھ طلباء شریک ہوں گے۔