لاہور میں بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) لاہور میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے بعد حبس اور گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ کئی علاقوں میں موسلادھار بارش سے شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، رات گئے ہونے والی بارش کے ساتھ ہی ضلعی انتظامیہ، واسا افسران و ملازمین نکاس آب کے لیے متحرک نظر آئے۔ واسا لاہور کی طرف سے اب تک کی بارش کا ریکارڈ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق لاہور کے علاقے لکشمی چوک میں سب سے زیادہ 95 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جیل روڈ پر 63 ملی میٹر، گلبرگ میں 65 اور اَپر مال میں 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مغلپورہ میں 66، تاجپورہ میں 46 ملی میٹر، نشتر ٹاون میں 62، چوک نا خدا میں 61، پانی والا تالاب میں 89، فرخ آباد میں 66، گلشن راوی میں 78، اقبال ٹاؤن میں 76 ملی میٹر، سمن آباد میں 56 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن میں 44 اور قرطبہ چوک میں 90 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے نکاسی آب آپریشن ٹیم کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر بھی لمحہ بہ لمحہ نکاسی آب کے لیے مانیٹرنگ کرتی رہی۔ ایم ڈی واسا نے تمام ہیوی مشینری کو زیر استعمال لاتے ہوئے شہر بھر کی میں شاہراہوں کو کلیئر کروا دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کے امکانات ہیں۔