انسداد دہشتگردی عدالت، بڈھ بیر میں 8 افراد کے قتل کا ملزم ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

پشاور (ایچ آراین ڈبلیو) سانحہ بڈھ بیر کے مرکزی ملزم کو عدالت نے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت پشاور میں بڈھ بیر میں 8 افراد کے قتل کے مرکزی ملزم کو پولیس نے عدالت میں اے ٹی سی جج عثمان بشیر کے روبرو پیش کیا، جہاں عدالت نے ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ دوران سماعت تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم یارالرحمٰن پر 25 جون کو 8 افراد کے قتل کا الزام ہے۔ ملزم سندھ میں روپوش تھا، پولیس پہنچتے ہی ملزم دوبارہ پشاور بھاگ آیا، جہاں اسے پشاور پولیس نے گرفتار کیا۔ ملزم نے پولیس کے سامنے 8 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ سانحہ بڈھ بیر کیس میں 6 ملزمان پہلے سے گرفتار ہیں۔ 3 ملزمان 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل میں ہیں اور 3 ملزموں کو عدالت نے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا ہے۔