شہریوں کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، سندھ ہائیکورٹ

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) سندھ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ شہریوں کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، آئین نے ضمانت دی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں مختلف علاقوں سے لاپتہ 6 شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی، اس موقع پر تفتیشی اداروں کی رپورٹس پر عدالت نے عدم اطمینان اور اظہار برہمی کیا۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ روایتی رپورٹس تیار کر کے آپ عدالت کو مطمئن نہیں کر سکتے۔ عدالت میں تفتیشی افسر نے کہا کہ جے آئی ٹی اور ٹاسک فورس کے متعدد اجلاس ہو چکے ہیں، تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں پورے ملک کی جیلوں اور دیگر اداروں کو خطوط لکھے ہیں۔ سماعت کے دوران سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان کی مالی معاونت کی منظوری دی جا چکی ہے۔ عدالت میں مالی معاونت کی پیشکش پر اہلخانہ برہم ہو گئے۔ اہلِخانہ کا کہنا تھا کہ ہمیں محمد طاہر چاہیے، حکومت جتنی امداد دیتی ہے اس سے زیادہ ٹیکس ادا کرتے ہیں، درخواست گزار کے مطابق محمد طاہر کراچی کے علاقے نیو ٹاؤن سے 2018 سے لاپتہ ہے۔