شیریں مزاری کا قومی اسمبلی کا بائیکاٹ،چیئرمین کمیٹی کو خط لکھ دیا

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) تحریک انصاف کی مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شیریں مزاری نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق کا بائیکاٹ کر دیا ۔ فیصلے سے آگاہ کرنے کے لئے چیئرمین کمیٹی کو خط لکھ دیا ۔ ڈاکٹر شیریں مزاری کی طرف سے چیئرمین استحقاق کمیٹی کو لکھے گئے خط میں ڈاکٹر شیریں مزاری نے چیئرمین کمیٹی جنید انوار کے رویے کو تضحیک آمیز قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر شیریں مزاری نے اپنے خط میں چیئرمین کمیٹی پر الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ایماء پر آئیسکو ملازم نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی ۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین کمیٹی نے جان بوجھ کر ان کی تضحیک کروائی اور جنید انوار نے جانبداری کا مظاہرہ کیا ۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے گھر کی بجلی اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود منقطع کی گئی جس سے بطور رکن قومی اسمبلی ان کا استحقاق مجروح ہوا ۔ آئیسکو ملازم نے کمیٹی چیئرمین کی اجازت سے تلخ جملے کہے لہٰذا چیئرمین کے رویے پر احتجاجاً کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوں گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں