مسلم لیگ نون نے ملک میں آئندہ برس عام انتخابات کا مطالبہ کردیا

لاہور (ایچ آر این ڈبلیو) مسلم لیگ (ن) نے 2020 میں انتخابات کا مطالبہ کردیا. لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت 2020 میں نئے انتخابات چاہتی ہے کیونکہ قوم کو درپیش سیاسی و معاشی چیلنجز کا یہی واحد حل ہے۔ پارلیمانی کمیٹی اجلاس کے بعد گفتگومیں‌ احسن اقبال نے کہا کہ آئندہ سال صاف و شفاف انتخابات کے لیے قومی سطح پر بحث ہونی چاہیے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد ملک میں صاف و شفاف انتخابات کا میکانزم مرتب کرنا چاہیے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پارٹی نے حکومت کے خلاف جاری احتجاجی مہم کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے حکومت مخالف مہم کے اثرات بڑھانے کے لیے اقدامات پر بحث کی گئی ہے. انہوں نے کہا کہ ‘حکومت پوری طرح سے ناکام ہوچکی ہے۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی آئندہ کے اجلاس میں مستقبل کے لائحہ عمل پر بحث کرے گی کیونکہ ہر جماعت کا اپنا پلان بی اور پلان سی ہے. پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں ممبر سازی کی مہم کا آغاز کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں