سلیکٹیڈ وزیراعظم اورٹیم عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکے، اکرام اللہ دھاریجو

کراچی (ایچ آر این ڈبلیو) صوبائی وزیر سندھ برائے محکمہ انڈسٹریز، کامرس اینڈ کوآپریٹو ڈپارٹمنٹ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ سلیکٹیڈ وزیراعظم اور ان کے سلیکٹیڈ کھلاڑی بیٹنگ اور بالنگ میں تو مکمل ناکام ہوہی چکے ہیں اب تو ان سے فیلڈنگ بھی نہیں سنبھل رہی ہے ۔ سندھ اسمبلی کے باہر گفتگو میں‌ کہا کہ سلیکٹیڈ لوگ قومی اسمبلی میں کوئی جامع قانون سازی سمیت عوامی منصوبہ بندی کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں اب عوام بھی ان سے مکمل تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی قیادت پر تنقید کرنے والے کس منہ سے بلاول بھٹو پر تنقید کررہے ہیں جس کے شہید نانا اور ماں نے پاکستان کی بقا اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے خاطر شہادت کا جام نوش کیا لیکن وقت کے ڈکٹیٹرز کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکے ۔ سلیکٹیڈ وزیراعظم کو یہ ہرگز نہیں بھولنا چاہیے کہ پیپلز پارٹی قیادت شارٹ کٹ کا راستہ تلاش نہیں کرتی ۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ یہ سلیکٹیڈ حکمران پاکستان کے وسائل پر تو پہلے سے ہی ڈاکہ ڈال چکے ہیں لیکن سندہ کے وسائل پر شب خون مار کر 162 ارب نہیں دے رہے ہیں جس کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے بھی تاخیر کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وفاقی حکومت انڈسٹریز پر توجہ نہیں دے گی ملک ترقی نہیں کرے گا اور روزگار کے مواقع بھی فراہم نہیں ہونگے اس لیے سندھ اسمبلی میں بیٹھے ہوئے پی ٹی آئی کے دوستوں سے درخواست کرتا ہوں کے بلاجواز تنقید کرنے کے بجائے اپنے وفاقی حکومت کی توجہ اس اہم مسئلے پر مبذول کروائیں کیونکہ گیس ، بجلی کی لوڈشیڈنگ سمیت دیگر سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے صنعتکار مایوسی کا شکار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں