ٹماٹر کی قیمت میں حیرت انگیز کمی ہو گئی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ٹماٹر کی قیمت میں حیرت انگیز کمی واقع ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق ساڑھے تین سو ٹن ٹماٹر لے کر ایک ٹرک کراچی پہنچا جس کے بعد ٹماٹر کی ہول سیل مارکیٹ میں فی کلو قیمت 180 روپے ہو گئی۔ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر کراچی کی سبزی منڈی پہنچ گئے ۔ گزشتہ روز ٹماٹر کی فی کلو قیمت 290 سے 352 روپے تک تھی۔ سبزی منڈی کی انتظامیہ کے مطابق ایک کنٹینرمیں 356 ٹن ٹماٹرموجود ہیں۔سندھ کے ضلع بدین میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 320 روپے تک پہنچ چکی ہے لیکن ٹماٹر کے کنٹینرز بدین ، میر پور خاص اور ملحقہ علاقوں میں جلد پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ دو ہفتوں سے ٹماٹر کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوا جس کے بعد ٹماٹر کی فی کلو قیمت 352 روپے تک پہنچ گئی تھی۔نئے پاکستان میں کھانوں میں سب سے استعمال ہونے والی سبزی ٹماٹر کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی اور حیران کُن بات یہ ہے کہ ٹماٹر ڈالر سے بھی زیادہ مہنگا ہو گیا تھا۔خیال رہے کہ اس وقت ملک میں ٹماٹر کی مصنوعی قلت ہے اور قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں تاہم ساڑھے چار ہزار میٹرک ٹن ٹماٹر درآمد ہونے سے قیمتیں معمول پر آسکتی ہے۔اس ضمن میں گذشتہ دنوں حکومت پاکستان کی جانب سے ایرانی ٹماٹر کی درآمد پر عائد پابندی ایک ماہ کے لیے اُٹھا لی گئی تھی۔ جس کےبعد بڑی تعداد میں ٹماٹر سے بھرے ایرانی ٹریلرسرحدی شہر تفتان سے پاکستان کے دیگر شہروں کے لئے روانہ کر دیے گئے تھے۔مذکورہ فیصلہ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی(ایم این ایف ایس)،درآمد کنندگان،وزارت تجارت اوردیگراسٹیک ہولڈرز کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں کیا گیا۔ ایم این ایف ایس کے وفاقی سکریٹری محمد ہاشم پوپلزئی نے ملاقات کے بعد بتایا کہ ہاں ، ہم نے ایران سے ٹماٹر کی درآمد کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔فیصلے کے مطابق درآمد کنندگان کو گھریلو مارکیٹ میں فروخت کے لیے تین سے چار ہفتوں تک ایران سے ٹماٹر خریدنے کی اجازت ہوگی۔ اگرچہ حکومت نے خریداری کے لیے کوٹے کی وضاحت نہیں کی تاہم ٹماٹر درآمدات کے لیے 13 دسمبر کی ڈیڈ لائن طے کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں