پھاٹک پر سیلفی لیتے نوجوان ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق

گجرات:(ایچ آراین ڈبلیو)صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات میں ٹک ٹاک ویڈیوز اور سیلفی کے جنون نے 18 سالہ نوجوان کی جان لے لی۔ضلع گجرات کے علاقے سائیں راجہ پھاٹک کے قریب سیلفی لیتے نوجوان ٹرین کی زد میں آ گیا، جاں بحق ہونے والے نوجوان کی عمر 18 سال ہے جبکہ نوجوان کا نام جبار حسین ہے۔ ہلاک ہونے والے 18 سالہ جبار حسین کی نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل بھی گجرات میں سیلفی کا جنون نوجوان کی جان لے گیا تھا جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا تھا، رحمانیہ پھاٹک پر سیلفی لیتے ہوئے دو دوست ٹرین کی زد میں آ گئے، جسکے بعد ایک دوست زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا تھا۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے ہوالے شہری کی شناخت 32 سالہ ضیغم کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی کی شناخت 19 سالہ مبین کے نام سے ہوئی تھی۔اس سے قبل اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جس میں متعدد لوگ اپنی جان کی بازی ہار گئے ہیں، رواں سال کے جولائی کے مہینے میں بھی مظفر گڑھ میں ایسا ہی واقعہ سامنے آیا تھا جب سیلفی کے جنون نے ایک بچے کی جان لے لی تھی۔یہ واقعہ مظفر گڑھ میں پیش آیا تھا، مظفر گڑھ کے علاقہ بھٹہ پور میں سیلفی لینے کے دوران 14 سالہ عبد اللہ سیلفی بناتے ہوئے گولی چل جانے سے جاں بحق ہو گیا تھا۔عبداللہ اپنے کزن کے ساتھ گھر میں لوڈ پسٹل کے ذریعے سیلفی بنانے کی کوشش کر رہا تھا اس دوران گولی چل گئی جس کی وجہ سے عبد اللہ موقع پر ہی چل بسا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں