توہین عدالت،وزیراعظم کیخلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ایڈووکیٹ محمد فیضان نصیر چوہان اور طاہر مقصود بٹ کی جانب سے عمران خان پرعدلیہ مخالف تقاریر کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔درخواستگزاران نے موقف اپنایا ہےکہ وزیراعظم نےعدلیہ کی کارکردگی پر تقریر کی اور اپوزیشن کے خلاف زیر سماعت مقدمات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی ہے۔متن میں درج ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز اور ان کے فیصلے پر تنقید کرنا توہین عدالت زمرے میں آتا ہے، درخواست میں موقف اپنایا گیا ہےکہ سپریم کورٹ نے2013 میں بھی عمران خان کوعدلیہ مخالف تقاریرکرنےپرتوہینِ عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔ہائی کورٹ میں درخواست گزاران نے موقف اپنایا کہ عدلیہ مخالف بیان دینے پر سپریم کورٹ نے طلال چوہدری اور نہال ہاشمی سمیت دیگر سیاست دانوں کو سزائے دی۔عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدلیہ مخالف بیان دینے پروزیراعظم عمران خان کو پارلیمنٹ سے نااہل قرار دیا جائے، وزیراعظم کے خلاف توہین کی کارروائی کا حکم دیا جائے اور وزیر اعظم عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرکے وضاحت طلب کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں