نوازشریف کی بیماری کیا ہے، عوام جاننا چاہتے ہیں، فردوس عاشق

اسلام آباد (ایچ آر این ڈبلیو) وزیر اعظم عمران خان کے بعد ان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی نوازشریف کی بیماری پر سوالات اٹھادیے ہیں. ان کا کہنا ہے کہ عوام نواز شریف کی بیماری کے حوالے سے جاننا چاہتے ہیں اور بیرون ملک جانے کے بعد ابھی تک نواز شریف کے حوالے سے کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔ میڈیا سے گفتگو میں‌ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ معزز عدلیہ نے میڈیکل رپورٹس دیکھ کر نواز شریف کو ریلیف دیا اور ہم نے بھی میڈیکل رپورٹس دیکھ کر سہولت کاری کی، ہم نے علاج و معالجے کے تمام امور نیک نیتی سے انجام دیے، لوگ ہم سے سوال کرتے ہیں یہ آپ نے کیا کیا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عوام کو جواب دہ ہیں اورانہوں نے اپنی تقریر میں عوام کے جذبات کی ترجمانی کی، عوام نواز شریف کی صحت کے حوالے سے جاننا چاہتے ہیں، بیرون ملک جانے کے بعد ابھی تک نواز شریف کے حوالے سے کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی، وہاں سے بھی کوئی ڈاکٹر یا میڈیکل بورڈ ان کی بیماری کی تشخیص کر دے ہم بھی عوام کو بتائیں ان کو یہ بیماری ہے، حتمی تشخیص تک چہ مگوئیاں ہوتی رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں