سٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی، سرمایہ کاروں‌ کا محتاط انداز

لاہور (ایچ آر این ڈبلیو ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز بڑی مندی دیکھی گئی، مندی کے باعث حصص مارکیٹ میں پانچ حدیں گر گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 417.23 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی، مندی کےباعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 38200، 38100، 38000، 37900 اور 37800 کی نفسیاتی حدیں گر گئیں۔آج کاروبار کا آغاز مثبت انداز ہوا، 38212 پوائنٹس پر بند ہونے والا انڈیکس کاروبار کے آغاز میں ہی بہتری کی طرف گامزن تھا ایک موقع پر انڈیکس 38568.05 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ٹریڈنگ کے دوران عدالتی اثرات سٹاک مارکیٹ پر حاوی ہوئے اور انڈیکس بڑی گراوٹ کے بعد 37535.89 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا تھا، انویسٹرز کی طرف سے دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی اپنائی گئی اور محتاط انداز اپنایا گیا۔تھوڑی دیر کے بعد سرمایہ کار متحرک ہوئے جس کے باعث بڑی مندی میں جانے والی مارکیٹ میں معمولی تیزی دیکھی گئی۔ کاروبار کے دوران پورے کاروباری روز 1.1 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی۔کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 417.23 پوائنٹس کی مندی کے بعد 37795.05 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں