ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری سے موسم سرد ہوگیا

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری سے موسم سرد ہوگیا، مری، گلیات، سکردو میں آسمان سے برستے گالوں نے ہر ایک چیز کوسفید کردیا، قلات میں درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔گلیات کی بالائی چوٹیوں مشک پوری اور میراں جانی پر بھی برفباری نے ہر ایک شے کو سفید چادر سے ڈھک دیا، مسلسل برفباری سے لوگوں کے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کےمطابق سکردو شہراورگردونواح میں بارش اور برفباری سے موسم سرد ہوگیا، بالائی علاقوں اور ملحقہ پہاڑوں پر وقفےوقفے سے برف کے گالے گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی بالائی علاقوں کا اسکردو سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، ستور میں درجہ حرارت صفر،بلوچستان کے علاقے قلات میں درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہے گا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی پنجاب اور اسلام آباد میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں