مغربی شرپسندی کے باوجود اسلام کا کلچر تیزی سے پھیل رہا ہے، حافظ نعیم

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مغربی شر پسند اقدامات کے باوجود اسلام کا کلچر تیزی سے پھیل رہا ہے،قرآن پاک ایک کتاب انقلاب اور مکمل نظام حیات ہے اور اس کی تشریح رسول اللہ ؐکی ذات ہے،مغرب کے تمام نظام تباہ و برباد ہوچکے ہیں، انسانوں کے بنائے ہوئے فلسفوں کی کوئی حقیقت نہیں، مفاد پرست حکمران چند لوگوں کو خوش کرنے کے لیے پوری قوم کو مختلف مسائل میں مبتلا کرکے اپنے ٍایمان کا سودا کرتے ہیں،مغرب ممالک کے ذہنی غلام حکمران مسلمانوں کو دھوکے میں رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، انسانی حقوق کے علمبرداروں کو شام، فلسطین، کشمیر اور دیگر اسلامی ممالک میں نسل کشی نظر نہیں آتی،انقلاب دوسرچشموں قرآن پاک اور رسول پاک ؐسے پیدا ہوتا ہے اور اسلام دشمن عناصر ان سرچشموں پر حملہ آور ہوتے ہیں،حالیہ واقع سے درحقیقت مسلمانوں کے دلوں میں قرآن کی محبت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت تین تلوار،کلفٹن پر ناروے میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف اور قرآن کریم سے اظہار یکجہتی کے لئے قرآن کارنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قرآن کارنر سے امیر ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید، قیم ضلع جنوبی سفیان دلاور،یوسی چیئرمین محمد حنیف میمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی کراچی زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔ قرآن کارنر میں شرکاء نے قرآن مجید سے اظہار عقیدت کے لیے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور قرآن مجید کے نسخے اٹھائے ہوئے تھے،شرکاء نے قرآن مجید سے عقیدت و اظہار محبت کے لیے قرآن مجید کی اجتماعی تلاوت کا بھی اہتمام کیا،قرآن کارنر میں جماعت اسلامی یوتھ، جمعیت طلبہ عربیہ اور اسلامی جمعیت طلبہ کارکنان اور مختلف طبقات سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ مسلم امہ میں غازی الیاس عمر جیسے نوجوان بھی موجود ہیں جس کی فلائنگ کک تمام ایٹمی طاقتوں پر بھاری ہے،قرآن کارنر یہود ونصاریٰ اور اسلام دشمن عناصر کے خلاف پیغام ہے جو اسلام کے خلاف سازشیں کررہے ہیں،مسلم حکمران مغربی غلامی اورمعذرت خواہانہ ترک رویہ کردیں، قرآن کے نظام کو نافذ کریں یا پھر اقتدار کو چھوڑ دیں، ناروے میں قرآن کی بے حرمتی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے،مغرب اس بات کو تسلیم کرچکا ہے کہ اسلام واحد مذہب ہے جو انتہائی تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔سید عبد الرشید نے کہاکہ ناروے میں غازی الیاس عمر نے غیرت ایمانی کا ثبوت دیا،آج کا قرآن کارنر کراچی کے غیور عوام کی جانب سے قرآن سے اظہار عقیدت ومحبت کے لیے ہے، ناموس رسالت اور حرمت قرآن پر حملے اور اسلام دشمن پالیسیوں اور سازشوں کے خلاف ہمارے حکمرانوں نے کبھی بھی دین کے تحفظ کا مقدمہ نہیں لڑا،حکمران ہوش کے ناخن لیں، عدم برداشت کا فلسفہ صرف مسلمانوں کے لیے نہیں ہے،آج کا یہ قرآن کارنر دنیا میں قرآن کے نظام کی نفاذ کی تحریک ہے۔#

اپنا تبصرہ بھیجیں