برطانیہ؛ بھارتی ڈاکٹر پر خواتین مریضوں کے جنسی استحصال کی فرد جرم عائد

لندن: (ایچ آراین ڈبلیو)برطانیہ میں 50 سالہ بھارتی نژاد ڈاکٹر منیش پر 11 سال کے بچوں سمیت 6 خواتین مریضوں کے خلاف جنسی استحصال کی 25 شقوں کے مرتکب پائے جانے پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے جب کہ سزا فروری میں سنائی جائے گی۔ برطانوی علاقے روم فورڈ سے تعلق رکھنے والے بھارتی ڈاکٹر منیش بچوں اور خواتین مریضوں کا غیر ضروری اور تفصیلی معائنہ کرتے ہیں اور جنسی اعضا کو بلا ضرورت ہاتھ لگاتے ہیں جس پر انہیں 17 خواتین کی شکایت پر اس سے پہلے بھی سزا ہوچکی ہے۔بھارتی ڈاکٹر منیش پر جنسی تسکین حاصل کرنے کے لیے خواتین کا غیر ضروری معائنہ کرنے کا جرم ثابت ہو گیا ہے، نئی شکایتوں کے بعد اُن سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 23 ہوگئی۔ جیوری کو بتایا گیا کہ ڈاکٹر کیخلاف مریضوں کو بوسہ دینا، گلے لگانا، کچھ کو خصوصی اور کچھ کو اسٹار قرار دینے کے شواہد موجود ہیں۔پراسیکیوٹر کیٹ بیکس نے جیوری کو مزید بتایا کہ ڈاکٹر منیش معالجین کے لیے جاری کی جانے والی گائیڈ لائنز کی بھی خلاف ورزی کی اور نیشنل ہیلتھ سروسز کی مقرر کردہ ضوابط کو پامال کیا تاہم ڈاکٹر منیش نے ان تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بس اپنے مریضوں کو بہتر صحت کی سہولیات دینا چاہتے ہیں۔جیوری نے دلائل سننے اور ڈاکٹر منیش کے بیان کے بعد فرد جرم عائد کرتے ہوئے مئی 2009ء سے جون 2013ء کے دوران 6 مریضوں کے ساتھ 25 جنسی جرائم کے الزامات میں 7 فروری کو سزا سنانے کا اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں