کمشنرہاؤس میں چوری،70لاکھ مالیت کا سامان چرالے گئے

ساہیوال(ایچ آراین ڈبلیو)کمشنر ہاؤس میں چوری کی واردات۔ ایک درجن سے زائد چور 70 لاکھ روپئے مالیتی سامان چرا لے گئے۔ کمشنر ہاؤس کا مکمل صفایا۔ 4 ٹرکوں میں سامان لیجایا گیا۔ چرائے گئے سامان میں نیچرل لیدر کے بیش قیمت صوفے، قیمتی ڈبل بیڈ، الماریاں، ڈائننگ سیٹ، کرسیاں، میزیں، ورزش کا سامان، قیمتی پردے، کراکری، کٹلری اور نایاب ڈیکوریشن پیس بھی شامل ہیں۔ عملہ کمشنر آفس نے مقدمہ کے اندراج کا تحرک نہیں کیا۔ ٹرانسفر ہونے والے کمشنر ندیم الرحمٰن کے ملوث ہونے کی اطلاعات۔ کینال کالونی میں واقع عالیشان رہائشگاہ کمشنر ہاؤس سے قیمتی اشیاء کا صفایا کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ دنوں تبدیل ہونے والے کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمٰن نے چارج چھوڑنے سے پہلے کمشنر ہاؤس میں موجود تمام قیمتی اشیاء اپنے گھر لاہور منتقل کردی ہیں۔ذرائع کے مطابق اپنی روانگی سے قبل ندیم الرحمٰن نے کمشنر آفس کے ایک بااعتماد افسر کے ذریعے 4 مزدا ٹرک کمشنر ہاؤس منگوائے۔ ایک درجن سے زائد سرکاری اہلکاروں کےذریعے کمشنر ہاؤس میں موجود تمام فرنیچر جس میں نیچرل لیدر سے تیار کردہ بیش قیمت صوفہ سیٹ، قیمتی ڈائننگ سیٹ، میز کرسیاں، ڈیکوریشن پیس اور اُن کو رکھنے والے شو کیس، قیمتی ایرانی قالین، ویلوٹ اور سلک کے بھاری پردے، انگلینڈ سے درآمد شدہ رائل ڈولٹن کی کراکری، نفیس جاپانی کٹلری و دیگرقیمتی اشیاء شامل ہیں، ٹرکوں پر لاد کر لاہور روانہ کردیں۔ کمشنر ہاؤس سے قیمتی پودے جن کی مالیت لاکھوں روپوں میں ہے، وہ بھی چرا لئے گئے ہیں۔ سابقہ دور میں ساہیوال میں تعینات کمشنر طارق محمود جن کا شمار محنتی اور باذوق افسران میں ہوتا ہے، نے کمشنر ہاؤس کی سجاوٹ اور بناوٹ کیلئے انتہائی لگن سے کام کیا۔ دور دراز سے ماہرین فن کو بلوا کر اپنی اور اپنی بیگم کی پسند کے مطابق تعمیرات اور آرائشی اشیاء تیار کروائیں۔ ساہیوال کا کمشنر ہاؤس قیمتی اور باکمال اشیاء سے بھرا پڑا تھا جس کا ایک ہی رات میں صفایا کردیا گیا۔ چوری کی گئی اشیاء کی مالیت کا ابتدائی تخمینہ 70 لاکھ روپئے سے زائد بتایا جاتا ہے۔نئے تعینات ہونے والے کمشنر اجڑے ہوئے کمشنر ہاؤس میں فیصلہ نہیں کر پارہے کہ سابق کمشنر ندیم الرحمٰن کے خلاف کیا کاروائی عمل میں لائی جائے یا اُن سے سرقہ شدہ مال کیسے واپس لیا جائے۔عوامی، سماجی حلقوں نے ایک بڑے افسر کی چھوٹی حرکت پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار، چیف سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل انٹی کرپشن گوہر نفیس سے کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔اس بارے سابقہ کمشنر ساہیوال نے موقف دینے سے انکار کیا ہے-

اپنا تبصرہ بھیجیں