باب دوستی پانچویں روز بھی بند، اعلی حکام کے رابطوں‌کے بعد کشیدگی میں کمی

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) پاک افغان اعلی حکام کے رابطوں کے بعد چمن کے سرحدی علاقے میں کشیدگی میں کمی آگئی ہے، تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں تاہم باب دوستی پانچویں روزبھی بندہے۔افغان جارحیت کے بعد چمن کے سرحدی علاقے میں پاک فوج اور ایف سی کے تازہ دم دستے ہر قسم کی صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے موجود ہیں۔پانچویں دن بھی باب دوستی پرتمام سرگرمیاں معطل اور ویزا سیکشن بند رہا جبکہ تجارتی سرگرمیاں اورپیدل آمدروفت بھی معطل رہی ، نیٹو سپلائی اور پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ بھی شروع نہیں ہوسکی۔ادھرمحکمہ تعلیم کے مطابق کشیدگی کے باعث بند کئے گئے تمام تعلیمی ادارے منگل سے دوبارہ کھل گئے، تاہم طلبہ و طالبات کی حاضری کم رہی۔ دوسری جانب چمن شہر میں حالات معمول پر آنا شروع ہو گئے ہیں ، تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بھی کھلنا شروع ہو گئے ہیں ، جھڑپ کے دوران کلی لقمان ، گل دار باغیچہ اور کلی جہانگیر کے رہائشیوں کے لیے عارضی قائم کی گئی خیمہ بستی میں بھی حکومت کی جانب سے پانی اور راشن سمیت تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ دس سرحدی دیہات ایسے ہیں جہاں تعلیمی ادارے بدستور بند ہیں، متاثرہ دیہات کے مکین خیمہ بستی اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔دوسری طرف شہری علاقوں میں مردم شماری تین دن بعد دوبارہ شروع ہوگئی ہے، نقل مکانی کرنے والے افراد کے دیہات میں مردم شماری بدستورمعطل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں