آقائے دوجہاں کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، ڈی جی کے ڈی اے

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم اس نبی پاک کے امتی ہیں جو خالق کائنات رب ذوالجلال کی محبوب ترین ہستی ہیں جنہیں بھٹکی ہوئی انسانیت کیلئے راہ نجات اور تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے کے ڈی اے ایمپلائز یونین لائنز ایریا پروجیکٹ کے تحت محفل ذکر مصطفےؐ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نبی کریمؐ کی حیات طیبہ پر عمل کرتے ہوئے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی پاسداری کرنا چاہئے تاکہ بہتر معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔ کے ڈی اے ایمپلائز یونین کے سر پرست اعلیٰ اور میزبان نوید انور صدیقی نے کہا کہ مثبت تبدیلیوں کیلئے ہمیں آقائے دوجہاں کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔اس روح پرور محفل میں پروجیکٹ ڈائریکٹر لائنز ایریا مبین صدیقی، لیبر یونین کے سرپرست اعلیٰ محمد اشرف، قمر الظفر،پرائیوٹ سیکریٹری ریاض احمد راشد، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز رئیس تبسم سمیت عاشقان رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے پروجیکٹ ڈائریکٹر لائنز ایریا مبین صدیقی اور دیگر افسران کے ہمراہ محکمہ لائنز ایریا کے مختلف دفاتر کا دورہ کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ وہ محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کریں جس سے عوام الناس کو سہولیات اور ادارے کا مورال بلند ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں