پرویزمشرف کو سزائے موت کا حکم،فاروق ستارکی گہری تشویش کا اظہار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سربراہ تنظیم ( ایم کیو ایم پاکستان) بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نےخصوصی عدالت کی جانب سے سابق صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف کو سزائے موت کا فیصلہ سنائے جانے کا فیصلہ صریحا” نا انصافی پر مبنی قرار دیتے ہوئے گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے بغیر اسطرح کے فیصلوں سے ہمارے عدل و انصاف کے نظام کو ٹھیس پہنچے گی۔سابق جنرل پرویز مشرف کا موقف سنے بغیر فیصلہ سنانا انصاف کے تقاضے پورے نہ کرنے کا عمل ہے۔حکومت پر اسکی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ پرویزمشرف کی طبیعت کی ناسازی کو دیکھ کر اس چیز کا فیصلہ کرے کہ وہ آنے کی پوزیشن میں ہیں یا نہیں۔اگر پرویز مشرف اس پوزیشن میں نہیں تواس صورت میں قانون/مقدمہ کی کاروائی کیسے پوری ہوگی حکومت کوچاہئے تھا کہ عدالت کو حقیقت سے آگاہ کرتی مگر حکومت نے یہ عمل نہیں کیا جس سے صاف ظاہر ہے کہ عدل و انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہو سکے۔پرویز مشرف کی جانب سے یہ کوئی پاکستان کی تاریخ کا پہلا اقدام نہیں اس سے پہلے بھی دیگر جنرل صاحبان نے ایسے فیصلے کیے مگر ان جرنیلوں کی زندگی میں یا زندگی کےبعد کبھی مقدمےنہیں چلے۔اس تفریقی سلوک سےسندھ کےشہروں بالخصوص مہاجروں میں پائے جانے والے احساس محرومی، احساس بیگانگی اور عدم تحفظ میں کئی گناہ اضافہ ہو گا ۔واضع رہے پرویز مشرف کے والدین نے پاکستان کے قیام کیلئے جدوجہد کی اور قربانیاں دیں۔پرویز مشرف نے پوری زندگی ملکی دفاع میں وقف کر کے بیشتر جنگوں میں حصہ لے کر اپنی خدمات پیش کیں۔چناچہ قانون اور انصاف کے ساتھ ساتھ فیصلے میں عدل کا نظر آنا بھی ضروری ہے جو کہ فیصلے میں بالکل فارغ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں