ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالےعناصراپنا قبلہ درست کرلیں،مرتضیٰ وہاب

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر ماحولیات و قانون اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ماحولیاتی قوانین پر عمل کرنا ہماری اخلاقی و قانونی ذمہ داری ہے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر اپنا قبلہ درست کرلیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ماحولیات کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے افسران کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف محکمانہ کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے اور کراچی سے کشمور تک نان بائیو گریڈیبل پلاسٹک کی تیاری کو ہر قیمت پر ممنوع قرار دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کا فضلہ ری سائیکل کرنے والی فیکٹریوں کو قانونی کاروائی کے بعد سیل کردیا جائے ۔ اجلاس میں صوبائی مشیر کو بتایا گیا کہ اب تک شہر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ٹریفک پولیس کے تعاون سے کاروائیاں جاری ہیں اور اب تک سینکڑوں گاڑیوں کے مالکان کو جرمانہ عائد کیا گیا۔ صوبائی مشیر نے اس ضمن میں ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے مصروف مقامات پر چیکنگ پوائنٹ کی تعداد بڑھائی جائے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیئے جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹائروں کو بطور ایندھن استعمال کرنے والے کارخانوں پر چھاپے مارے جائیں اور کسی بھی قسم کی فضائی آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کے خلاف فی الفور قانونی کاروائی کی جائے اور اس ضمن میں کسی بھی طرح کا دباؤ قبول نہ کیا جائے۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ تعمیراتی شعبہ اپنی عمارات کی تعمیر میں ماحولیاتی قوانین کی پاسداری کو ہر ممکن یقینی بنائے ۔ اجلاس میں سیکرٹری ماحولیات خان محمد مہر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل وقار پھلپوٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر وارث گبول سمیت افسران نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں