ای سی سی کا اجلاس، یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے 6 ارب روپے کی منظوری

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کیلئے 6 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔ چھ ارب روپے کی سبسڈی آٹا، چینی، گھی، دالیں اور چاول پر دی گئی ہے۔مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہونے والےای سی سی اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کیلئے 7 ارب 90 کروڑ روپے کی ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دے دی ہے۔اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے اکتوبر میں جمعیت علمائے اسلام ف کے زیر اہتمام ہونے والے آزادی مارچ پر آنے والے سیکیورٹی اورانتظامی اخراجات کےلیے10 کروڑ روپے کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دے دی ہے۔ اجلاس میں کمیٹی کا عارضی سیکیورٹی انتظامات اوراس سے تاجر برادری کو ہونے والے نقصان پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ مستقبل میں سیکیورٹی کیلئے مستقل بنیادوں پر ضروری اقدامات کرنےکی ہدایت کردی گئی۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کےمطابق دس کروڑروپے میں سے 6 کروڑ روپے کنٹینرز مالکان کو ادا کیے جائیں گے۔ اعلمیہ میں کہا گیا ہے کہ دھرنے اور لانگ مارچ کے اخراجات کے حوالے سے مستقل حل نکالا جائے۔ ہر مرتبہ کنٹینرز مالکان کو بلا وجہ کروڑوں روپے نہیں دے سکتے۔ ای سی سی اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے حکومت کو کنٹینرز خود خریدنے کی تجویز دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں