مستحق طلباء کی مالی معاونت کرنا مذہبی اور قومی فریضہ ہے، حنیف گوہر

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) معروف کاروباری رہنما اور رئیل اسٹیٹ صنعت سے تعلق رکھنے والے بزنس مین حنیف گوہر نے کہا مستحق طلباء کی مالی معاونت کرنا مذہبی اور قومی فریضہ ہے۔ اُنہوں نے گریڈسی انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے سند برائے اظہار تشکر عطا کرنے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہی۔ اُنہوں نے کہا مستحق طلباء پاکستان کا مستقبل ہیں اور صاحب حیثیت پاکستانی کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ایسے طالب علموں میں مالی معاونت کرے جو اپنی فیس ادا کرنے سے قاصر ہیں اور اسی وجہ سے اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ دیتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا آج کی دنیا میں یہ ثابت ہوچکا کہ کسی بھی ملک کے وسائل میں سب سے قیمتی انسانی وسائل ہیں۔ “جنوبی کوریا، جاپان اور جرمنی ہمارے سامنے ایسی مثالیں ہیں جن کی بنیاد پر یہ حتمی طور پر کہا جاسکتا ہے کہ یہ ممالک کسی قدرتی وسائل کے نہ ہونے کے باوجود صرف اپنے انسانی وسائل کو ترقی دیکر عروج حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔” اُنہوں نے مزید کہا پاکستان اس حوالے سے خوش نصیب ملک ہے کیونکہ ہمارے پاس نہ صرف قدرتی وسائل ہیں بلکہ ہماری بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ان نوجوانوں کو علمی میدان میں مدد دینے سے ملک کا مستقبل روشن ہوجائے گا۔
اس موقع پر گریڈسی انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین جناب ذاکر احمد نے حنیف گوہر کی جانب سے چھ مستحق طلباء کو اسکالر شپ دینے پر خراج تحسین پیش کیا اور اُنہیں ادارے کی جانب سے سند برائے اظہار تشکر سے نوازا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں