پنوعاقل کینٹ کے نزدیک قومی شاہراہ پر روڈ سیفٹی سمینار کا انعقاد

سکھر(ایچ آراین ڈبلیو)قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر ٹریفک قوانین پر عمل کرکے اپنی اور دوسروں کی جان و مال کی حفاظت کو ممکن بنایا جاسکتا ہے، ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو۔تفصیلات کے مطابق آئی جی موٹر وے اے ڈی خواجہ اور ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن آفتاب احمد پٹھان کی خصوصی ہدایت پر پنوعاقل کینٹ کے نزدیک قومی شاہراہ پر روڈ سیفٹی سمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خاص ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو تھے، روڈ سیفٹی سمینار میں ملک کے دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ کے ڈرائیورز اور مسافر گاڑیوں کے ڈرائیور حضرات نے شرکت کی، روڈ سیفٹی سمینار کے انعقاد کا مقصد موٹر وے پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین اور روڈ حادثات سے بچاؤ کے بارے میں ڈرائیوروں کو معلومات فراہم کرنا تھا، اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر یونس خان اوربیٹ کمانڈر سید سبط حسنین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی کا مقصد ٹریفک قوانین پر عمل کرنے سمیت روڈ حادثات میں کمی لانے کے لئے شعور اجاگر کرنا ہے، اس موقع پر ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان میں موٹر وے پولیس روڈ حادثات سے بچاؤ کے لئے مختلف پروگرام کا انعقاد کررہی ہے، اسی سلسلے میں آج مسافر اور ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو مدعو کیا گیا ہے اور انہیں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق مفید معلومات فراہم کی جارہی ہیں تاکہ روڈ حادثات میں نمایاں کمی لائی جاسکے، انہوں نے مزید کہا کہ یکم جنوری سے ٹریفک جرمانوں میں اضافہ کیا جارہا ہے اور موٹر وے پولیس ڈرائیور حضرات کو اس بارے میں آگاہی فراہم کررہی ہے تاکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔ جبکہ سمینار میں موجود ڈرائیور حضرات نے قومی شاہراہ پر دوران سفر درپیش مسائل کے بارے میں ایس ایس پی موٹر وے کو آگاہ کیا، جس پر ایس ایس پی غلام سرور بھیو نے انہیں درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔دریں اثناء تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لئے کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں