‘جناح ہم میں زندہ ہے زندہ رہے گا‘وزارتِ اطلاعات کی جانب سے خصوصی نغمہ

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) ‘جناح ہم میں زندہ ہے زندہ رہے گا‘
وزارتِ اطلاعات کی جانب سے قائدِاعظم محمد علی جناح کے 144 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر خصوصی نغمہ پیش کیا گیا

وزارتِ اطلاعات کی جانب سے قائدِاعظم محمد علی جناح کے 144 ویں یومِ پیدائش پر بانی پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی نغمہ جاری کیا گیا ہے۔

بابائے قوم قائدِاعظم کے یومِ پیدائش کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سوشل میڈیا پیغام جاری کیا جس میں بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ کے ذریعے پوری قوم سے ’جناح ہم میں زندہ ہے زندہ رہے گا‘ نغمہ شیئر کیا جس میں بانی پاکستان کی برصغیر کے مسلمانوں اور وجود پاکستان کے لیے جدوجہد دکھائی گئی ہے۔

نغمے کی شروعات میں بتایا گیا کہ ’بہت ہی کم افراد تاریخ کو کوئی اہم موڑ دیتے ہیں، بہت ہی کم دنیا کا نقشہ بدلتے ہیں اور شاید ہی کوئی ایک قومی نظریاتی ریاست قائم کرتا ہے جناح کو یہ تینوں اعزاز حاصل ہیں‘۔

نغمے میں ان پاکستانی ہیروز کو بھی دکھایا گیا جنہوں نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

علاوہ ازیں جناح کے دوقومی نظریے کو سراہتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ مودی سرکار کے قوانین نے قائد اعظم کے نظریے کی حقانیت پر مہر ثبت کردی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعات نے دو قومی نظریے کی مسلمہ حقیقت ایک بار پھر واضح کردی ہے۔ اسی نظریے کے تحت مسلمانوں کے لیے الگ ریاست کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں آج بابائے قوم محمد علی جناح کا 144 واں یوم پیدائش قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

اس موقع پر صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پوری قوم کو خصوصی پیغام دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں