ہری پور پولیس نے چوری کے کیس حل کر لئے، ملزمان گرفتار

ہری پور (ایچ آراین ڈبلیو) پولیس نے مختلف چوری کے مقدمات میں مطلوب ملزمان گرفتار کرکے مال مسروقہ برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں تھانہ کوٹ نجیب اللہ و تھانہ خانپور کی حدود سے گھروں سے طلائی زیورات و بکری چوری کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ ڈی پی او ہری پور ڈاکٹر زاہد اللہ (پی ایس پی) نے چوری کی وارادتوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سرکل خانپور امجد حسین کوملزمان کی فوری گرفتاری اور مسروقہ مال کی برآمدگی کے احکامات جاری کئے۔ ڈی ایس پی سرکل خانپور امجد حسین کی سربراہی میں مختلف تھانہ جات کے ایس ایچ او پر مشتمل ٹیم نے انتھک محنت کے بعد چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے مسروقہ رقم ، طلائی زیورات و چوری شدہ بکریاں برآمد کرلی۔ جملہ وارداتوں میںتھانہ خانپور کی حدود بھیرہ سے مسماۃ (ب) کی رپورٹ جس میں مذکوریہ نے اپنے گھر سے لاکھوں روپے نقدی اور دیگر طلائی زیورات چوری ہونے کی درخواست دی تھانہ خانپور پولیس نے واردات میں ملوث ملزم زبیر خان ولد رفاقت خان سکنہ کھوئی ناڑہ کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرکے مالمسروقہ رقم مبلغ 6 لاکھ 16 ہزار روپے، 470 یورو، 60 پونڈ، 15 درم اور طلائی زیورات 4 عدد چوڑیاں، 2 عدد کڑے، 1 لاکٹ، 3 جوڑے کانٹے اور 5 انگوٹھیاں برآمد کرلی۔ دیگر کاروائیوں میںتھانہ کوٹ نجیب اللہ پولیس نے پنیاں کے رہائشی غلام اصغر کی درخواست پر کاروائی کرتے ہوئے واقع میں ملوث ملزم رضوان ولد سیلمان کو گرفتار کرکے سرقہ شدہ 3 تولے طلائی زیورات برآمد کرلئے۔ سریکوٹ کے رہائشی عمیر شاہ ولد امیر شاہ سکنہ سریکوٹ کی بکریاں چوری کی درخواست پر نامعلوم چوروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے بکریاں چوری کی وارداتوں میں ملوث 4 رکنی گروہ کے ملزمان ناصر ولد عارف، نثار ولد چن زیب، حسن ولد اورنگزیب اور ذیشان ولد عبدالقیوم ساکنان حویلیاں کو گرفتار کرکے چوری شدہ بکریاں اور واردات میں استعمال ہونے والا کیری ڈبہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ ڈی پی او ہری پور نے چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر افسران پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور افسران کی حوصلہ افزائی کے لئے تعریفی سرٹیفیکٹ اور نقد انعامات کا بھی اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں