مسلم لیگ ن ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاءکے خلا ف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرائے گی

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چھاپے کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) واجد ضیاء پر ڈکیتی کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان کردیا۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے لاہور میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ پر ایف آئی اے کے چھاپےکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے چھاپے پر واجد ضیاء کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ کل احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی۔

‎ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پارٹی سیکرٹریٹ پرایف آئی اے کے چھاپے سے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر احمد میمن کی کہانی سچ ثابت ہوگئی، بشیر میمن نے نالائق اور نااہل عمران خان کا آلہ کار بننے سے انکار کردیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے خلاف بدنام زمانہ “ہیروں” کو پھر سے استعمال کرنےکافیصلہ کیاگیا، چھاپے سے ثابت ہوگیا کہ جج ارشد ملک کی ویڈیو اصلی ہے، چھاپے سے یہ بھی ثابت ہوگیا جج ارشد ملک نے دباؤ کے تحت نوازشریف کو سزا سنائی تھی۔

گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل بشیر میمن کو عہدے سے ہٹاکر پاناما کیس میں نواز شریف کیخلاف تحقیقات کرنے والی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ واجد ضیاء کو نیا ڈی جی ایف آئی اے تعینات کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں