شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کو پروان چڑھایا ۔سہیل انور سیال

کراچی( ایچ آراین ڈبلیو) سندھ کے وزیر برائے انسداد بدعنوانی، آبپاشی اور زکوِة و عشر سہیل انور سیال نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کو پروان چڑھایا وہ جرات مند، بے خوف اور نڈر سیاسی رہنما تھیں۔ انہوں نے عوام کو سیاسی بصیرت عطا کی وہ کسی کی دھمکی کو خاطر میں نہ لائیں اور عوام کے درمیان اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر سہیل انور سیال نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بارہویں برسی کے موقع پر ایک بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی وہ عوامی طاقت ہے جس کو منظر سے ہٹانے کے لئے ہمیشہ کوششیں کی جاتی رہی ہیں ۔بھٹو کو پھانسی ہوئی تو بینظیر نے علم اٹھا لیا ،بینظیر شہید ہوئیں تو اس علم کو آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے تھام لیا ۔سہیل انور سیال نے شہید محترمہ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ کبھی کسی آمر کے سامنے نہ جھکیں اور نہ ہی کسی ڈکٹیٹر کے سامنے ہار مانی۔ان کا وژن عوام کی خدمت انکا نصب العین عوام کا معیار زندگی بلند کرنا تھا ۔سیاست ان کے لیے عبادت کا درجہ رکھتی تھی۔ ۔صوبائی وزیر سہیل انور سیال نے کہا کہ آج بھی ہمارے سیاسی مخالفین ہمیں جھکانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمارے پاس حقیقی مینڈیٹ موجود ہے جس پر شب خون مارنے کے لئے ہمارے مخالفین کی جانب سے آئے دن پلان تیار ہوتے رہتے ہیں ۔لیکن شہید زوالفقارعلی بھٹو ،شہید محترمہ بینظیر بھٹو ،آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی جمہوری و انقلابی سوچ کا سفر اور جذبہ عوامی خدمت آج بھی جاری ہے اور جاری رہے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں