لائنز ایریا پروجیکٹ کی تمام پراپرٹٰی کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا حکم

کراچی ( ایچ آراین ڈبلیو ) لائنز ایریا پروجیکٹ کے تمام رہائشی، تجارتی اور فلاحی پلاٹس کو فوری طور کمپیوٹرائزڈ کیا جائے تاکہ الاٹیز کی جائیداد محفوظ ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے لائنز ایریا پروجیکٹ کے افسران سے ایک بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پلاٹس کا ریکارڈ کمپیو ٹرائزڈ ہونے سے جائیداد کی منتقلی اور دیگر متعلقہ امور کی انجام دہی میں آسانی اور کام کی رفتار تیز ہو جائے گی جس سے ادارے کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے گا۔پروجیکٹ ڈائریکٹر لائنز ایریا مبین صدیقی نے اجلاس کو بتایا کہ صدر میں واقع پارکنگ پلازہ کی دکانوں اور دفاتر کو جلد نیلامی کیلئے پیش کیا جائے گا جس سے ادارے کی آمدن میں اضافے کی توقع ہے جبکہ مذکورہ پروجیکٹ میں کئی سیکٹرز میں سرکاری اراضی پر لینڈ مافیا کا قبضہ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل سید سیف الرحمان نے پروجیکٹ ڈائریکٹر مبین صدیقی کو ہدایات دیں کہ لائنز ایریا کے مختلف مقامات سے قبضہ مافیا سے ادارے کی اراضی کو واگزار کروا نے کیلئے دیگر اداروں سے بھی مدد حاصل کی جائے اور اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کر وا کر اسے نیلام کیلئے پیش کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک اچھا موقع ہے کہ مسائل کے دیرپاحل کیلئے سب مل جل کر اپنا مثبت کردار ادا کریں۔اجلاس میں ممبر ایڈمنسٹریشن عبدالقدید منگی، ممبر فنانس قاضی عبدالقادر، چیف انجینئر نوید اظہار، ڈائریکٹر کو آر ڈی نیشن محمد نعیم وحید، ڈائریکٹر آئی ٹی کمال احمد صدیقی، ڈائریکٹر ریکوری رضا قائم خانی، سیکریٹری شکیل خان، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز رئیس تبسم، پرائیوٹ سیکریٹری ریاض احمد راشد اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں