نیب ترمیمی آرڈینیس پی ٹی آئی کااپنے لوگوں اور دوستوں کو بچانے کا این آر اوہے: پی ڈی پی

کراچی ( ایچ آراین ڈبلیو ) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد اور جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار نے نیب ترمیمی آرڈینیس کو حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کا اپنے لوگوں اور وزیراعظم کے دوستوں کو بچانے کا ”این آر او“ قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ 105مرتبہ یوٹرن لینے والے وزیر اعظم عمران خان قوم کا اعتماد پہلے ہی کھوچکے ہیں اب نیب ترمیمی آرڈینیس کے ذریعے پی ٹی آئی کی حکومت عوام کا مزید رہا سہا اعتماد بھی کھو رہی ہے ۔ وزیر اعظم نے لاتعداد موقعوں پر اپنے ہی کئے گئے اعلانات سے یوٹرن لے کر یہ ثابت کردیا ہے کہ اب وزیر اعظم کے کسی بھی اعلان پریقین نہیں کیا جاسکتا۔ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز 2020 ءمیں ملک سے مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کا بھی اعلان کیا ہے۔اتنی بار یوٹرن لینے کے بعد عوام یہ کیسے یقین کرلیں کہ اب وزیر اعظم عمران خان یوٹرن نہیں لیں گے اور اپنے کئے ہوئے اعلان کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔ وزیر اعظم کے ماضی کو دیکھ کر تو یہی لگتا ہے یہ اعلان بھی سفید جھوٹ ثابت ہوگا ۔تبدیلی سرکار نے تبدیلی کے نعرے پر ملک کی معیشت کو برباد کیا اور عوام کو مشکلات سے دوچار کیا ہے اوراس کے باوجود بھی عوام کو” گھبرائیں نہ کا مشورہ“ دیتے جارہے ہیں جو کہ ناقابل برداشت ہے ۔پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی رہنماﺅں نے کہا کہ اس طرح تو ہرکرپٹ شخص خود کو تاجر ظاہر کرکے احتساب سے بچ جائے گا۔ہر آنے والا حکمران جانے والے حکمران سے بدتر ثابت ہورہا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ عمران خان ہر صورت میں پانچ سال مکمل کرنے کیلئے کچھ بھی کرنے کے لئے تیار ہیں۔ عمران خان کے اس اقدام سے ایک بات ظاہر ہوگئی کہ موجودہ ظالمانہ سسٹم میں عوام کیلئے کچھ بھی نہیں ہے۔ عوام ذہنی طور پر تیار ہوجائیں سابقہ حکومتوں کی طرح پی ٹی آئی کی حکومت میں بھی ان کو ریلیف نہیں ملنے والا ہے #

اپنا تبصرہ بھیجیں