سندھ میں غیرقانونی واٹرکورسزکےخلاف آپریشن کا فیصلہ،سہیل انورسیال

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ کے وزیر برائے آبپاشی ، انسداد بدعنوانی اور زکوۃ و عشر سہیل انور سیال نے کہا کہ سندھ میں غیر قانونی واٹر کورسز کے خلاف آپریشن کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ آبپاشی کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں سیکریٹری آبپاشی سعید احمد، انجینئرز اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو صوبہ بھر میں پانی کے ذخائر اور کاشتکاروں کے لیے آنے والے سیزن کے حوالے سے پانی کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی گئ۔ وزیر برائے آبپاشی سہیل انور سیال نے کہا کہ واٹر مینجمنٹ اور پانی کی منصفانہ تقسیم کے نظام کو شفاف بنایا جائے۔ جبکہ کہ کنالوں کی ضروری موسمی مرمت کا کام بروقت مکمل کر لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کی سال 2020 کی تمام منصوبوں کی تفصیل جلد جمع کروا دی جائے ۔جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرامز کے فنڑز کے مکمل استعمال کو یقینی بنانے کے لئے تمام جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ انجینئر نئی شاخوں کا دورہ کریں اور اس حوالے سے اپنی رپورٹ مرتب رکھیں ۔صوبائی وزیر سہیل انور سیال نے محکمہ آبپاشی کی ٹیکنیکل کمیٹی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سال 2020 کے منصوبوں کی تکنیکی حکمت عملی کے حوالے سے وہ اپنی تمام سفارشات 15 جنوری 2020 تک جمع کروادیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں