13 جنوری سے 19 جنوری تک ضلع شہید بینظیرآباد میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ

نواب شاہ (ایچ آراین ڈبلیو) ڈپٹی کمشنروچئیرمین ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی شہید بینظیرآباد ابراراحمد جعفر کی زیر صدارت 13 جنوری سے 19 جنوری تک ضلع شہید بینظیرآباد میں منعقد ہونے والی خصوصی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیو ایرڈیکیشن کمیٹی کا ایک اجلاس دربارہال میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنید حمید سموں،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر دولت جمالی،ایم ایس پی ایم سی ڈاکٹر محمد یوسف زرداری،ڈبلیو ایچ او کے ڈویژنل کوارڈینیٹر برائے پولیوڈاکٹر عالم آزاد،ڈسٹرکٹ مینیجر آئی ایچ ایس نثاراحمد،ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالستار راٹھور،تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز،پولیو سپروائیزرکے علاوہ تعلیم،پولیس ودیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گذشتہ ماہ ضلع میں منعقد ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کے دوران بہتر کارکردگی کا مظاہرا کرنے والی پولیو ٹیموں وافسران کا کام قابل ستائش ہے اور تمام پولیو ٹیموں کو بہتر کارکردگی پیش کرنے کے لئے اسی جذبے سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ضلع کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاکر زندگی بھر کی معذوری سے بچایا جاسکے ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ آئندہ انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں پولیو ٹیموں ،ایریا انچارج اور یوسی میڈیکل افسران کی تربیت اورٹیموں کے مائکروپلان پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیں کہ تعلقہ سطح پر قائم ریفیوزل کمیٹیوں کومزید فعال بناکر علاقہ معززین وہ مذہبی رہنماؤں کے تعاون سے انسداد پولیو مہم کے دوران بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہ پلانے اور حفاظتی ٹیکوں سے انکاری والدین کو اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے اور حفاظتی ٹیکے لگوانے کے لئے راضی کریں ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایات دیں کہ پولیو ٹیموں اور یوسی میڈیکل افسران کو پابند کیا جائے کہ درست اعداد شمار ورپورٹ پیش کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی ڈپٹی کمشنر نے یوسی سطح پر پولیو مہم کے سلسلے میں انتظامات کے لئے اجلاس منعقد کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ ان اجلاسوں میں شرکت نہ کرنے والے یوسی سیکریٹریز، پٹواریوں ودیگر عملے کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں جبکہ متعلقہ تحصیل کے مختیارکار کو بھی وارننگ جاری کی جائے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر دولت جمالی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جن اضلاع میں پولیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں ان اضلاع میں یہ خصوصی انسداد پولیو مہم منعقد کی جارہی ہے اس مہم کے دوران ضلع شہید بینظیرآباد میں تین لاکھ 62 ہزار 846 بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کاحدف مقرر کیا گیا ہے اس سلسلے میں 893 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں موبائل،ٹرانزٹ اور فکس ٹیمیں شامل ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں