شہری سہولیات کی بہتر فراہمی کیلئے شب و روز کوشاں ہیں، ڈی جی کے ڈی اے

کراچی ( ایچ آراین ڈبلیو ) شہری سہولیات کی بہتر فراہمی کیلئے شب و روز کوشاں ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے اسٹیٹمنٹ لاؤنج ون ونڈو آپریشن کے نو تزئین شدہ دفتر کے معائنے کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ ترقیات کراچی نے ماضی میں کراچی کے شہریوں کیلئے بہت سی آسان اور سستی رہائشی اسکیمیں متعارف کروائی ہیں جن میں گلشن اقبال، گلستان جوہر، نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، شاہ لطیف اور دیگر شامل ہیں جن میں بہترین ماسٹر پلان کے تحت مساجد، کھیل کے میدان، پارک، کشادہ سڑکیں اور دیگر سہولیات کا خصوصی خیال رکھا گیا۔ادارے کی کوشش ہے کہ محکمہ پبلک ہاؤسنگ اسکیم کے تحت جلد سستی رہائشی اسکیم متعارف کروائی جائے تاکہ کم آمدنی والے افراد اس سے مستفید ہو سکیں۔ڈاکٹر سیف الرحمان نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آج انہوں نے مذکورہ دفتر کا معائنہ کیا ہے جس کا عنقریب افتتاح کیا جائے گا۔ماضی کے فرسودہ نظام میں صارفین کو جائیداد کی منتقلی میں بہت سی مشکلات کا سامنا تھاجسے محسوس کرتے ہوئے اسٹیٹمنٹ لاؤنج ون ونڈو آپریشن کا آغاز کیا جارہا ہے جس میں صارفین کو باعزت اور خوشگوار ماحول کے ساتھ پارکنگ ایریا کی خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم صارفین کی جائیدادوں کے امین ہیں یہی وجہ ہے کہ اب روزانہ کی بنیاد پر جائیداد کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا عمل جاری جس کے سبب صارفین کی جائیداد کا ڈیٹا محفوظ ہو سکے گا۔اس موقع پر ممبر ایڈمنسٹریشن عبدالقدید منگی، ممبر فنانس قاضی عبدالقادر، ڈائریکٹر آئی ٹی کمال احمد صدیقی، ڈائریکٹر کو آر ڈی نیشن محمد نعیم وحید، ڈائریکٹر اسٹیٹ محمد قاسم، سیکریٹری کے ڈی اے شکیل احمد خان، ؒلاء آفیسر افتخار الحسن، ڈائریکٹر اسپورٹس سید خرم عارف، ڈائریکٹر ریکوری رضا قائم خانی، پبلک ریلیشنز رئیس تبسم، چیف سیکورٹی آفیسر راؤ طارق، پرائیوٹ سیکریٹری ریاض احمد راشد اور دیگر افسران موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں