پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ سلیکٹیڈ حکومت کا تحفہ ہے ۔ مرتضیٰ وہاب

کراچی ( ایچ آراین ڈبلیو) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کو سلیکٹیڈ حکومت کا عوام کے لیے تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے سال میں پٹرول، ایل پی جی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کو زندہ درگور کرنے کی کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی نااہل حکومت نے صرف دعوے کیئے ہیں مگر ان کی عملی کارکردگی صفر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ قابلِ مذمت ہے یہ نااہل حکومت عوام سے جینے کا حق چھین لینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور تبدیلی سرکار کو بددعائیں دے رہے ہیں۔ ان حکمرانوں کو غریبوں کی بد دعاؤں سے ڈرنا چاہیے اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آنے والا ہے مگر سلیکٹیڈ حکمرانوں کے سر پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔ یہ اس بات کی غماز ہے کہ ان حکمرانوں کو غریبوں کی رتی برابر پرواہ نہیں اور عوام چاہے جیئیں یا مریں ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تحریک انصاف کی غارت گر معاشی پالیسیوں کی مذمت کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں