عوام ہوشیار..10 جنوری سے دوبارہ سردی کی شدید لہر آئے گی

لاہور (ایچ آر این ڈبلیو) سال نو کے آغاز میں ہی سردی کی شدت میں معمولی کمی آئی ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 10 جنوری سے دوبارہ سردی کی شدید لہر آئے گی جبکہ بارشوں کے متعدد سلسلے بھی متوقع ہیں۔ کچھ علاقوں میں سردی کی شدت میں معمولی کمی تو آئی لیکن 10جنوری کے بعد سردی میں دوبارہ شدت آنے کا امکان ہے۔ ماہ جنوری کے دوران بارشوں کے متعدد سلسلے بھی متوقع ہیں۔ اِن میں سے ایک معتدل سلسلہ متحرک ہو چکا ہے جبکہ دیگر دو سلسلے 5 اور 13 جنوری کو بارشیں برسانے کا باعث بنیں گے۔ بارشوں کا زیادہ زور تو ملک کے بالائی علاقوں میں رہے گا لیکن لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں پر بھی اِس کے اثرات مرتب ہوں گے۔ جنوری کے دوران دھند کی شدت میں مزید اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کے ڈیرے ہیں۔ پہاڑوں پر شدید برف باری نے سیاحوں اور علاقہ مکینوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے جبکہ سڑکوں سے برف ہٹانے اور ٹریفک بحالی کا کام بھی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں