،پنجاب ترقی کے لانچنگ پیڈ سے ٹیک آف کرچکا ہے، عثمان بزدار

لاہور(ایچ آر این ڈبلیو( وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب معاشی ترقی کی دوڑ میں لیڈلے گا۔2020ء غربت کے خاتمے کا سال ہے۔فیصل آباد میں سی پیک کے تحت پاکستان کے پہلے اورسب سے بڑے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ معاشی ترقی کے ثمرات پنجاب کے ہر شہری تک پہنچیں گے۔علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا پراجیکٹ صوبے میں معاشی خوشحالی لائے گا۔ یہ خوشحال پاکستان کی جانب پہلا قدم ثابت ہوگا۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب ترقی کے لانچنگ پیڈ سے ٹیک آف کرچکا ہے۔ 3217ایکڑ پر مشتمل علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے لئے ابتدائی طورپر 5ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔جس کیلئے 12چینی کمپنیاں تقریباً 1ارب ڈالر سرمایہ کاری پر رضا مندی ظاہر کرچکی ہیں۔انڈسٹریل سٹی کیلئے چار دیواری ہوٹل،ریسکیو 1122اوردیگرسہولتوں کی فراہمی کا کام جلد ازجلد مکمل کیا جائے گا۔ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کیلئے ٹیوٹا کے انسٹی ٹیوٹ بھی بنائے جائیں گے۔ ویلیو ایڈیشن سٹی ساہیوالہ انٹرچینج پر فیصل آباد انڈسٹریل سٹی قائم ہوچکا ہے جہاں 25چائینز کمپنیاں صنعتیں لگارہی ہے اور ڈیڑھ ارب ڈالرکی سرمایہ کاری آچکی ہے۔صوبہ میں 10سپیشل اکنامک زون بنائے جارہے ہیں۔ ان میں سے 6کی وفاقی حکومت منظوری دے چکی ہے جبکہ چار کی اجازت جلد دے دی جائے گی۔3ٹیکنیکل یونیورسٹیاں بھی قائم ہوں گی،وہاڑی، مظفر گڑھ،لیہ،رحیم یار خان،ملتان اوردیگر شہروں میں انڈسٹریل سٹیٹ قائم کی جارہی ہیں۔مارچ میں قائد اعظم اپیرل پارک کا افتتاح وزیراعظم پاکستان کریں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیڑھ ارب کی لاگت سے ہنر مند پروگرام شروع ہوچکا ہے۔ہر سال ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو فنی تربیت دی جائے گی جسے بتدریج بڑھا کر10لاکھ سالانہ تک لے جایا جائے گا۔سمال انڈسٹریز کے تحت کاروبار کیلئے 6ارب کے قرضے دیئے جارہے ہیں۔کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے پراجیکٹ کی کامیابی کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کی رینکنگ میں بہتری آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعاون، رہنمائی اورمدد پر وزیراعظم اوران کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے معیشت کا پہیہ گھومے گا تو غریب کا چولہا جلے گا۔اکانومی بہتری کی جانب گامزن ہے۔بہتری کے اثرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہوجائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعظم کے ہمراہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے پراجیکٹ کاسنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر فیڈمک کے سربراہ کی طرف سے بریفنگ دی گئی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعظم کے ہمراہ فیصل آباد میں پناہ گاہ کا افتتاح کیا۔انہوں نے پناہ گاہ کے مختلف حصوں کا دور ہ کیا اور مقیم افراد کیساتھ ملکر دوپہر کا کھانا بھی کھایا۔ ٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں