عظمتِ آلِ محمد ﷺ کا پرچم ہمیشہ سرفراز رہے گا، ڈاکٹراشرف جلالی

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو )تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم رضائے مجتبیٰ میں آلِ محمد ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت علامہ محمد ادریس جلالی نے کی۔ آلِ محمد ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا۔عظمتِ آلِ محمد ﷺ کا پرچم ہمیشہ سرفراز رہے گا۔ اہل سنت ہونا اور محب ِ اہل بیت رضی اللہ عنھم ہونا آپس میں لازم ملزوم ہے۔ محبت اہلِ بیت ِ اطہار رضی اللہ عنھم سے اصلیں خوشگوار اور نسلیں خوشبودار رہتی ہیں۔محبت آلِ محمد ﷺ ذاتِ رسول ﷺ کی وجہ سے لازم ہے۔ محبت اہلِ بیت کیلئے بغض اصحابِ رسول ﷺ کو شرط قرار دینا سراسر غلط ہے۔محبت اہلِ بیت رضی اللہ عنھم تو محبت صحابہ کرام رضی اللہ عنھم کے بغیر پائی ہی نہیں جا سکتی، کیونکہ ان دونوں عظیم محبتوں کا سبب ایک ذات ہے اور وہ عظیم ذات حضرت محمد مصطفیﷺ کی ذاتِ گرامی ہے۔چونکہ ان دونوں محبتوں کا سبب ہے تو اہل بیت ِ اطہار رضی اللہ عنھم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنھم کی محبتیں بھی دو نہیں ایک ہے۔وحدتِ اُمّت کا راز یہی ہے کہ اسلام میں ہرہر محبت،رسول اکرم ﷺ کی محبت کے تابع ہے۔اگر آپ ﷺ کو چھوڑ کر کسی بھی چیز یا ذات سے اسکی اپنی حیثیت سے پیار کیا جائے تو شریعت ِمصطفیﷺ اس پیار کو قبول ہی نہیں کرتی اور نہ ہی اسے صحیح سمجھتی ہے چنانچہ عالم اسلام میں یا پاکستان میں کسی کو یہ حق نہیں ہے اہل بیت ِ اطہار رضی اللہ عنھم کی محبت کی آڑ میں صحابہ کرام رضی اللہ عنھم کے بارے میں نفرت پھیلائے یا صحابہ کرام رضی اللہ عنھم کی محبت کی آڑ میں اہل بیت ِ اطہار رضی اللہ عنھم کے بارے میں نفرت پھیلائے، پاکستان کی سلامتی اور اسلامی دنیا کی وحدت کی بنیاد اور مدار اسی نظریہ اور بیانیہ پر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں