ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی امریکی سینیٹ کو ارسال

واشنگٹن:(ایچ آراین ڈبلیو) امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کو ایوان بالا سینیٹ کو ارسال کردیا ہے جس کا منگل سے آغاز ہوگا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کا مقدمہ سینیٹ کو ارسال کردیا ہے۔ باضابطہ کارروائی 21 جنوری منگل سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ اس موقع پر ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہم صدر کے خلاف مواخذے کا کیس بھیج کر تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ٹرمپ پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور ایوان نمائندگان کے کام میں مداخلت کے الزامات ہیں تاہم ٹرمپ ان کی تردید کرتے ہیں۔گذشتہ ماہ ایوان نمائندگان نے ٹرمپ کے مواخذے کی منظوری دے دی تھی اور اب سینیٹ صدر کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ کرے گی تاہم امکان یہی ہے کہ مواخذے کی کارروائی ناکام ہوجائے گی کیونکہ اس کی کامیابی کے لیے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت درکار ہے۔ایوانِ نمائندگان میں اپوزیشن کی ڈیموکریٹک پارٹی کی اکثریت ہونے کی وجہ سے مواخذے کی قرارداد منظور ہوگئی تھی لیکن سینیٹ میں ریپبلکن پارٹی کی اکثریت ہے۔واضح رہے کہ صدر ٹرمپ پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنے ممکنہ حریف جو بائیڈن کے خلاف تفتیش کے لیے یوکرائن پر دباؤ ڈالا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں