ریاست مخالف مواد پوسٹ کرنے والے صحافی کا جسمانی ریمانڈ

لاہور (ایچ آر این ڈبلیو)‌لاہور کی مقامی عدالت نے ‘فیس بک’ پر مبینہ طور پر ریاست مخالف مواد شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار صحافی کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ لاہور کی ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر عرفات نے صحافی اظہارالحق کے جسمانی ریمانڈ کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی درخواست پر سماعت کی۔ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ ملزم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘فیس بک’ پر ریاست مخالف مواد اور پاکستان کا توہین آمیز ایڈیٹڈ قومی ترانہ شیئر کیا۔انہوں نے کہا کہ سرچ وارنٹ کے ساتھ ملزم کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا لیکن ملزم صحافی سے مزید تفتیش درکار ہے، لہٰذا ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کی جائے۔صحافی کے وکیل میاں داؤد ایڈووکیٹ نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم سے فون کی برآمدگی ہو چکی ہے اس لیے ان کے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے اظہارالحق کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا ہے۔عدالت نے صحافی اظہارالحق کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا، انہیں 20 جنوری کو دوبارہ پیش کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں