پاکستان اٹامک انرجی ایجنسی کو حساس آلات کی اسمگلنگ کے کیس میں دو پاکستانیوں کوسزا

نیویارک (ایچ آراین ڈبلیو) امریکن فیڈرل کورٹ نے دو پاکستانیوں کو پاکستان اٹامک انرجی ایجنسی کو حساس آلات کی اسمگلنگ کے کیس میں سزا سنا دی ہے۔ 48 سالہ محمد احسن ولی اور 82 سالہ حاجی ولی محمد شیخ پر الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کیلئے ایئر کرافٹ کے پارٹس، سیمی کنڈکٹر اور دیگر حساس آلات پاکستان اسمگل کئے ہیں۔ دونوں افراد ایک فرنٹ کمپنی کے ذریعے حساس آلات ایک ایسی پاکستانی کمپنی کو بھیجنے کے الزام کے مرتکب پائے گئے ہیں جسے امریکی نیشنل سیکیورٹی نے بلیک لسٹ کیا ہوا تھا۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل فار نیشنل سیکیورٹی جان ڈی ڈیمرز نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ دونوں پاکستانی امریکی ساخت کے حساس آلات کو ایک ایسی کمپنی کو اسمگل کرنے کے ملزم قرار پائے ہیں جو امریکی کی نیشنل سیکیورٹی کے لئے خطرہ تھیں اور ان کمپنیوں کو امریکہ کی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی ے بلیک لسٹ کیا ہوا تھا۔ امریکہ دنیا بھر کو ان کمپنیوں سے کاروبار نہ کرنے کی ہدایت کی ہوئی تھی جو امریکی سیکیورٹی کیلئے خطرہ ہیں۔ دونوں پاکستانیوں کا کیس اکتوبر میں شروع ہوا تھا تاہم پولیس نے ابھی تک ان کو گرفتار نہیں کیا ہے۔ پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ دونوں پاکستانیوں نے پاکستان کے شہر راولپنڈی کی ایک کمپنی بزنس ورلڈ کو امریکی ساخت کے حساس آلات فراہم کئے۔ اس کمپنی کو امریکہ نے بلیک لسٹ کیا ہوا تھا۔ یہ حساس آلات 2014 سے 2019 کے درمیان پاکستان بھیجے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں