عمران خان کی ناکام حکومت کے خلاف اب زبردست تحریک چلائیں گے، سہیل بیگ نوری

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) معروف وکیل رہنما اور جسٹس لائرز فرنٹ کے کنونیئر سہیل بیگ نوری کے قریبی ساتھی محمد علی قطار جو گزشتہ ہفتہ سہیل بیگ نوری پر قاتلانہ حملے کے نتیجے میں شہید ہو گئے تھے آج ان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی- مرحوم آہوں اور سسکیوں میں ان کی آخری آرامگاہ پر لے جایا گیا- اس موقع پر سہیل بیگ نوری ایڈوکیٹ نے ایچ آر این ڈبلیو سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ محمد علی قطار ان کا ایک دیرینہ ساتھی اور کوآرڈینیٹر تھا- انہوں نے جذبات سے لبریز اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنے وعدوں اور سہانے خوابوں سے حکومت بنانے میں تو کامیاب ہو گئے ہیں لیکن وہ ملک اور خاص کر کراچی میں امن و امان بحال کرنے اور مہنگائی کا سیلاب روکنے میں قطعا ناکام ہو چکے ہیں- سہیل بیگ نوری نے کہا کہ محمد علی قطار دراصل شہید وطن ہے جس نے میرے اوپر ہونے والے حملے کو ناکام بنایا اور خود اپنی ذات قربان کر دی- انہوں نے کہا کہ ہم محمد علی کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچائے بغیرسکون سے نہیں بیٹھیں گے اور سول سوسائٹی اور وکلا تحریک کے ذریعے عمران خان کی ناکام حکومت کے خلاف اب زبردست تحریک چلائیں گے- سہیل بیگ نوری محمد علی کی تدفین کے موقع پر بہت زیادہ آبدیدہ تھے انہوں نے کہا کہ محمد علی قطار کا ناحق خون پر ان پر ایک قرض ہے جسے وہ چکائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے- انہوں نے کراچی کی غیور عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ امن و امان کی مخدوش صورتحال اور بدترین گرانی کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے اب میدان میں اتر جائیں

اپنا تبصرہ بھیجیں