دارس میں زیر تعلیم بچوں کو بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔ڈٰی سی نوابشاہ

نواب شاہ ( ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد ابراراحمد جعفر نے کہا ہے کہ پانچ سال عمر تک کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں تاکہ ضلع سے پولیو وائرس کے خاتمے کو یقینی بناکر مستقبل کے معماروں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچایا جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دربارہال میں ضلع میں 17 فروری سے شروع ہونے والی 5 روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈکیشن کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع کے پانچ سال عمر تک کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ شہید بینظیرآباد وپسگردائی کے اضلاع میں پولیو وائرس کی موجودگی بچوں کی صحت کے لئے بڑا خطرہ ہے اس لئے تمام والدین انسداد پولیو مہم کے دوران گھر گھر آنے والی پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاکر نہ صرف اپنے بچوں ودیگر کو پولیو وائرس سے بچائیں اورملک سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے مزید کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران سیاسی ،سماجی و مذہبی رہنماؤں کا بھی تعاون حاصل کیا جائے اور پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکاری والدین کو اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے راضی کریں پولیو مہم کے خلاف غلط پروپیگنڈہ کرنے والے اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہ پلانے والے والدین کے خلاف قانونی کاروائی بھی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دیں کہ وہ اپنے علاقوں میں تمام مسلک کے مدارس میں زیر تعلیم بچوں کو بھی انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے خصوصی اقدامات کریں اجلاس میں گذشتہ خصوصی انسداد پولیو مہم کا جائزہ بھی لیا گیا پولیو ٹیموں وافسران کی محنت سے ضلع میں سو فیصد مقرر ٹارگیٹ حاصل کرنے پر ڈپٹی کمشنر نے ان کے کام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اسی جذبے کے تحت آئندہ منعقد ہونے والی مہم کو کامیاب بناکر پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ طارق علی سولنگی کی جانب سے انسداد پولیو مہم کے دوران ریفیوزل بچوں کو کور کرنے کے لئے کئے اقدامات کو بھی سراہا ۔اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر شہید بینظیرآباد ڈاکٹر معین الدین شیخ اور ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے پولیو نے بتایا کہ ضلع میں آئندہ ماہ 17 سے 21 فروری تک منعقد ہونے والی 5 روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کےضروری انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں اس مہم کے دوران ضلع کی تمام تحصیلوں میں تین لاکھ 72 ہزار 248 بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کاحدف مقرر کیا گیا ہے اس سلسلے میں 893 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 770موبائل،53ٹرانزٹ ،70 فکس ودیگر ٹیمیں شامل ہیں ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنید حمید سموں،ایڈیشنل ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ عبدالستار راٹھور،ڈویژنل کوارڈینیٹر ڈبلیو ایچ او برائے پولیو ڈاکٹر عالم آزاد، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز،پولیو سپروائیزرکے علاوہ پولیس،تعلیم،پاپولیشن،سوشل ویلفئیرودیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں