کرپشن کنگز ٹرانسپیرنسی رپورٹ اپنےگناہ چھاپنے کے لیے استعمال کررہے ہیں

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کرپشن کی نشاندہی کرنے والے ادارے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی ساکھ پر سوال اٹھادیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کو اپنی ساکھ کا جائزہ لینا چاہیے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان چیپٹرکے سربراہ نے سابق دور میں (ن) لیگ کی قیادت کوپذیرائی بخشی۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان چیپٹرکے سربراہ کو (ن) لیگ نے نوازا اور سفیر مقررکیا تھا، اب ان کی رپورٹ کو کون مانے گا؟ یہ رپورٹ شفاف نہیں، ہمیں اس پر تحفظات ہیں اور ہم رپورٹ مسترد کرتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیاسب سےزیادہ کرپشن مشرف پھر عمران خان کے دور میں ہوئی ہے، یہ بھی دعویٰ کیا گیاکہ تیسرے نمبرپرپیپلزپارٹی اور چوتھے نمبرپر (ن) لیگ کے دورمیں کرپشن ہوئی۔

ایک اور بیان میں معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان نےکرپشن اور کرپٹ عناصر سے سمجھوتا کیا اور نہ کریں گے، کرپشن کنگز ٹرانسپیرنسی رپورٹ اپنےگناہ چھاپنے کے لیے استعمال کرنےکی کوشش کررہے ہیں، عوام کے خلاف کرپشن کا جو گناہ انہوں نے اپنے دور میں کیا وہ چھپنے والا نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک سے کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ وزیراعظم عمران خان کا نصب العین ہے، عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت احتساب کا ایجنڈا لے کر آئی ہے، اس عوامی ایجنڈے کو ہر صورت پورا کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں