دلہن نے مہر میں‌100 کتابیں مانگ کر سب کو حیرت زدہ کر دیا

کیرالہ (ایچ آراین ڈبلیو) بھارتی ریاست کیرالہ میں دلہن نے اس وقت سب کو حیرت زدہ کر دیا جب اس نے اپنے ہونے والے خاوند سے مہر میں نقدی، جائیداد، زیورات کی بجائے ایک سو کتابیں مانگ لیں.

بھارتی میڈیا کے مطابق اعجاز حکیم اور اجنا نظام کا نکاح اکتوبر میں ہوا تھا، جس میں اجنا نے اعجاز سے ایک سو کتابوں کا مطالبہ کر ڈالا۔ اعجاز نے دلہن کی فراہم کردہ فہرست کے مطابق کتابیں حاصل کرنے کی سرتوڑ کوشش کی تاہم وہ شادی کی رات تک 97 کتابیں ہی اکٹھی کر پائے۔

البتہ اب ان کتابوں کی تعداد 99 ہو گئئ ہے اور 100ویں کتاب، بھارت کا آئین، جلد ہی فراہم کر دی جائے گی جس کے بعد دلہن کی فرمائش مکمل ہو جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان کتابوں میں قرآن، بائبل اور گیتا کے علاوہ خالد حسینی اور موراکامی کے ناول شامل ہیں۔ ٹوئٹر پر گردش کرنے والی تصاویر میں سابق امریکی خاتونِ اول مشیل اوباما کی آپ بیتی بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
اس جوڑے نے اپنے بیڈروم میں ایک بڑا شیلف لگا دیا ہے جہاں یہ کتابیں رکھی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں