سپریم کورٹ‌ نے بول کا کیس جلد نمٹانے کے لئے سندھ ہائی کورٹ کو ہدایت دے دی

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) پیمرا کی جانب سے بول چینل کے لائسنس کی منسوخی کے معاملہ پرسپریم کورٹ نے بول چینل کی پمرا کے خلاف درخواست پر جلد فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا- سپریم کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ سندھ ہائیکورٹ لائسنس منسوخی کے خلاف کیس پر جلد فیصلہ کرے، جسٹس قاضی فائز عیسی نے اس موقع پر پوچھا کہ بول چینل، لبیک اورایگزیٹ کمپنی کا مالک کون ہے، سپریم کورٹ نے بول اور لبیک کے ڈائریکٹر ز کے حوالے سے مکمل ریکارڈ طلب کر لیا- جسٹس قاضی فائز عیسی کا چیرمین پمرا سے سوال کیا کہ کیا بول چینل کو سیکورٹی کلیرنس کے بغیر ہی چلایا جا رہا ہے، چئیرمین پیمرا ابصار عالم نے عدالت کو بتایا کہ نگران حکومت کے دور میں سیکورٹی کلیرنس دی گئی تھی، سیکورٹی کلیرنس کا خط آئی ایس آئی کے ایک سینئر افسر کی جانب سے تھا، بعدازاں وزارت داخلہ نے اس سیکورٹی کلیرنس کو منسوخ کر دیا، ، چیرمین پمرا نے مزید بتایا کہ بعد میں شامل کیے جانے والے بول کے چار ڈائریکٹرز کو سیکورٹی کلیرنس نہیں دی گئی تھی، بول کی جانب سے سینئیر وکیل انور منصور اور بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے- بابر اعوان نے کہا کہ ہم نے عدالت سے کوئی چیز نہیں چھپائی ہے۔ پمرا صرف ایک چینل کے خلاف یکطرفہ کاروائیاں کر رہا ہے، اس کا ثبوت یہ ہے کہ آج پورا پمرا کمرہ عدالت میں موجود ہے، جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ اپنے بول چینل کی درخواست پر جاری حکم امتناعی پر جلد فیصلہ کرے، بول انتظامیہ سولہ مئی کو اگلی سماعت پر بول کے ڈائریکٹرز کے حوالے سے تمام ریکار ڈپیش کرے،عدالت نے اگلی سماعت پر اٹارنی جنرل یا ان کے نمائندے کو معاونت کے لیے طلب کر لیا

اپنا تبصرہ بھیجیں