جامعات نوجوانوں کو علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیےتیار کریں:پروفیسر زکریا ذاکر

اوکاڑہ (ایچ آراین ڈبلیو) بھارت کی فاشسٹ پالیسیاں اور امریکہ اور چین کے مابین بڑھتے ہوئے تجارتی تنازعات جنوبی ایشیائی خطے کے لیے بہت سارے نئے چیلنجز کو جنم دیں گے، اس صورت حال میں ہماری جامعات کی نوجوان نسل کی اس انداز سے تربیت کرنی چاہیے کہ وہ ان تمام چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے شعبہ سیاسیات اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے سالوں میں علاقائی سیاست خطے میں طاقت کا خلاء پیدا کرے گی اور ہمارے نوجوانوں کو یہ خلاء پر کرنے کے لیے تیار ہونا چاہیے۔
وائس چانسلر نے بتایا کہ تریندر مودی کی فاشسٹ حکومت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کو غیر مستحکم کر سکتی ہے اور اس کے پاکستان کے ساتھ ساتھ دوسرے ہمسایہ ممالک پہ بھی گہرے نتائج مرتب ہوں گے۔ عدم استحکام کی اس فضا میں پاکستان کے لیے بہت سارے مواقع اور مسائل ہو سکتے ہیں۔
پروفیسر زکریا نے اس بات پہ روشنی ڈالی کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی شہریت کے کالے اور غیر منصفانہ قانون اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پہ کیے جانے والے مظالم کی پر زور مذمت کر رہی ہیں۔ لہذا بھارت کے جمہوریت اور سیکولرزم کے دعوے جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں۔
انہوں نے اس امر کی اہمیت اجاگر کی کہ علاقائی سیاست کی یہ بدلتی ہوئی صورت حال پاکستان کو یہ موقع فراہم کرے گی کہ وہ اپنی جغرافیائی اہمیت کی پیش نظر اپنی پالیسیوں پہ عملدرآمد شروع کرے۔ یہ ہی وہ موقع ہے جب ہماری جامعات کو ایسے ہونہار اور قابل نوجوان پروان چڑھانے چاہیں جو علاقائی سیاست کے مستقبل کی بھاگ دوڑ سنبھال سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں