امریکی قونصلرجنرل لاہور کیتھرین راڈریگیز کا لاہور آرٹس کونسل الحمرا کا دورہ

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) امریکی قونصلرجنرل لاہور کیتھرین راڈریگیز نے لاہور آرٹس کونسل الحمرا کا دورہ کیا۔چیئرپرسن بورڈ آف گورنر لاہور آرٹس کونسل الحمرا منیزہ ہاشمی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے وفد کا استقبال کیا۔ملاقات میں امریکی قونصلرجنرل لاہور کیتھرین راڈریگیزکو الحمرا کے اغراض و مقاصد اور ادبی و ثقافتی سرگرمیوں سے متعلق بریف کیا گیا جس پر کیتھرین راڈریگیز نے کہا کہ آرٹ کی دنیا میں الحمرا کی خدمات قابل تعریف ہیں،پاکستانی معاشرہ بے حد تخلیقی، فن کی دولت سے مالا مال اور ثقافتی حسن میں اپنی مثال آپ ہے۔وفد نے الحمرا آرٹ گیلری میں جاری نمائش ”دلکش پاکستان“ دیکھی اور پاکستان کے قدرتی حسن،اعلی ثقافتی اقدارسے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکا۔کیتھرین راڈریگیز نے الحمرا سٹوڈیو کا دورہ کیا اور الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس میں آویزاں ادب وثقافت کے شعبے کی عظیم شخصیات کی تصاویر دیکھی اور اپنے تاثرات میں کہا کہ پاکستان نے فن کی دنیا میں بڑے نام پیدا کئے ہیں۔چیئرپرسن الحمرا منیزہ ہاشمی نے اس موقع پر کہا کہ الحمراء عالمی سطح پر پاکستانی ادب وثقافت کی ترجمانی کررہاہے،ہماری ثقافت مثبت سماجی قدریں اپنانے کا حسن رکھتی ہے،الحمراء فرد اور معاشرہ کی زندگی کو خوبصورت بنانے میں مصروف عمل ہے،اس پاک دھرتی نے کئی تہذیبوں کو جنم دیا جس پرہم فخرہے،پاکستانی قوم جہاں اپنی سماجی روایات سے محبت کرتی ہے وہاں عالمی اقدار کو بھی احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے ملاقات کو بے حد ثمر آور قرار دیتے ہوئے کہا کہ الحمراء اپنے پروگراموں کے ذریعے پیار و محبت کے جذبات کو فروغ دے رہا ہے،پاکستانی ادب وثقافت نے عالمی معاشرے پر خوشگوار اثرات مرتب کئے۔چیئرپرسن الحمرا منیزہ ہاشمی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے وفد کو الحمرا کی شائع شدہ کتب کا مجموعہ پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں