بھارت نے 80 لاکھ نہتے بیگناہ کشمیری مسلمانوں کو قید میں رکھا ہوا ہے، قاسم سوری

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 1949ء کی اقوام متحدہ کی منظور شدہ قرارداد کے پس منظر میں پاکستان 1990ء سے متواتر 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر مناتا آ رہا ہے اور اس دن بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر جاری ظلم وستم کے بارے میں ساری دنیا کو آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔ اپنے پیغام میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر ڈے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کشمیر کی قانون ساز اسمبلی وکونسل سے خطاب کرینگے اور پوری دنیا کو یہ پیغام دینگے کہ 184 دن ہونے کو ہیں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر کے 80 لاکھ نہتے بیگناہ کشمیری مسلمانوں کو قید میں رکھا ہوا ہے، خواتین کی عزتیں لوٹی جا رہی ہیں جبکہ بچے سکول نہیں جا رہے، مواصلاتی نظام درہم برہم ہے اور مقبوضہ کشمیر کا ساری دنیا سے رابطہ ختم ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی حکومت کا کشمیر پر جبری قبضے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا پاکستان ہمیشہ کشمیری مسلمانوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔

قاسم خان سوری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا ایک ہی نعرہ ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان، انشاء اللہ پاکستان ہر فورم پر مظلوم و نہتے کشمیریوں کی آواز بنے گا اور دکھ کی ہر گھڑی میں پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا تھا اور کشمیر کی آزادی تک کھڑا رہے گا۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادیں جن میں کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا گیا ہے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔

انہوں نے تمام پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ 5 فروری ‘یوم یکجہتی کشمیر’ کے حوالے سے مقبوضہ کشمیر کے 80 لاکھ مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر باہر نکلیں اور بھارت کے کشمیری مسلمانوں پر جاری مظالم کے خلاف یک آواز ہو کر کندھے سے کندھا ملا کر کشمیریوں کی آواز بنیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں