برطانیہ 20 سال میں‌ تیل سے چلنے والی تمام گاڑیوں پر پابندی لگا دے گا

گلاسکو (ایچ آراین ڈبلیو) برطانیہ میں پیٹرول، ڈیزل اور ہائبرڈ گاڑیوں پر پابندی کا اعلان ، 2035 کے بعد پیٹرول، ڈیزل اور ہائبرڈ گاڑیوں کی فروخت پر پابندی کا اعلان- برطانیہ نے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے 2035 کے بعد پیٹرول، ڈیزل اور ہائبرڈ گاڑیوں کی فروخت پر پابندی کا اعلان کردیا ہے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اس پالیسی کا اعلان اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں اقوام متحدہ کے تحت ہونے والی ماحولیاتی مسائل سے متعلق کانفرنس کے دوران کیا۔

برطانیہ کی جانب سے اس پالیسی پر عمل درآمد کا مقصد عالمی ماحولیاتی مسائل سے نمٹنا ہے اور اقوام متحدہ کے ہدف کے مطابق 2050 تک کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں اپنا حصہ صفر کرنا ہے۔

اس سے قبل برطانیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ 2040 تک پیٹرول اور ڈیزل کی گاڑیوں کی فروخت پر پابندی لگادے گا تاہم ماہرین کی جانب سے خبردار کیا گیا کہ اگر 2050 تک کاربن فری ملک کا ہدف حاصل کرنا ہے تو تیل سے چلنے والی گاڑیوں پر پابندی میں جلدی کرنا ہوگی۔

بورس جانسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2020 ماحولیات کے حوالے سے عملی اقدام اٹھانے کے لیے اہم اور بنیادی سال ہے۔

تقریب سے قبل اپنے ایک بیان میں بورس جانسن کا کہنا تھا کہ پیٹرول، ڈیزل اور ہائبرڈ گاڑیوں کی فروخت پر پابندی 2035 سے قبل بھی لگائی جاسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں